منگلورو 21/اگست (ایس او نیوز) بھٹکلی جماعت المسلمین منگلورو کے زیر اہتما م منگلورو میں تعلیم پانے والے طلباء کے لئے 'Awaken the entrepreneur in you'کے موضوع پر جو ورکشاپ رکھا گیا تھا اس میں طلباء نے پورے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور اس موقع سے بھرپور استفادہ کیا۔
ورکشاپ کے آغاز میں افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے ورکشاپ کے کو آرڈینیٹر جناب آفتاب حسین کولا نے کہا کہ کسی بھی قوم کی معاشی زندگی کے لئے کاروباری اور تجارتی مہم جوئی (Entrepreneurship)کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔جوقوم کوملازمت کے مواقع فراہم کرنے اور معاشی ترقی کی طرف لے جانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ نوائط برادری ایک تجارت پیشہ قوم ہے۔قدیم زمانے سے ہی جب کہ اس قوم نے جنوبی ہندوستان کے مغربی ساحل پر آٹھویں صدی عیسوی میں قدم رکھا تھایہ پیشہ ئ تجارت سے وابستہ رہی ہے۔لیکن ادھر پچھلے کچھ زمانے سے ہندوستان میں ہماری تجارت اورکاروبار یکے بعد دیگرے بالکل بند ہونے لگے ہیں۔ لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ ہم لوگ ازسرِنو پیشہ تجارت سے وابستہ قوم کے طور پر پھر سے ابھر کر آئیں۔ اسی مقصد کے تحت یہ ورکشاپ منعقد کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں میں جدید تخیلات اور کاروباری مہم جوئی کے جذبات جاگ اٹھیں اور ان کے اندر حوصلے بیدار ہوں۔
معروف صاحب وسیلہ (ریسورس پرسن) انجمن کالج کے پروفیسر غنیم محتشم نے ورکشاپ کے شرکاء کو کاروباری مہم جوئی سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے ایسی مہم جوئی کی طاقت اور اس کے نتائج سمجھانے کے لئے مشہور و معروف باکسر محمد علی کلے مرحوم کی مثال سے اپنی بات کا آغاز کیا۔ دنیامیں ناموری پانے والی شخصیات کی زندگی میں پائی جانے والی ان صلاحیتوں اور خوبیوں کی نشاندہی کی جس سے وہ لوگ کامیاب ترین شخصیات میں شامل ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ ID dosa batter اور ID Paranthaکی شہرت پانے والے پی سی مصطفےٰ ایک اسکول ڈراپ آوٹ تھے جنہوں نے IIMB جیسی اعلیٰ تعلیم کے ساتھ سافٹ ویئرجیسے بہت ہی عزت واکرام والا کام چھوڑ کر اڈلی ڈوسا کے تیار آٹے batterکا کاروبار شروع کیا۔جس کا ابتدائی سرمایہ صرف 25ہزار روپے تھا اور اب اس کمپنی کا کل ٹرن اوور 100کروڑ روپے ہے۔پروفیسر غنیم نے ورکشاپ کے شرکاء سے ایسی کاروباری شخصیات کے اندر پائی جانے والی صلاحیتوں اور اوصاف کی نشاندہی کرنے کو کہا تو طلباء نے بہت ہی زیادہ دلچسپی لی اور بہت دلچسپ اور بہترین جوابات دئے۔ اس پر طلباء کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔
پروفیسر غنیم کے معاون ذوالکفل رکن الدین نے ضلع شمالی کینرا میں موجود تجارتی اور کاروباری مواقع کا ایک خاکہ طلباء کے سامنے رکھا بھٹکل مسلم جماعت مینگلورکے صدر جناب ایس ایم ارشد نے طلباء کو مشورہ دیا کہ ورکشاپ کے اندر جو باتیں انہیں سمجھائی گئی ہیں ان کو اپنی گرہ میں باندھ لیں اور اسے اپنی عملی زندگی کی کامیابی کا ذریعہ بنائیں۔ جنرل سکریٹری جناب دامدا امتیاز اسٹیج پر موجود تھے۔سکریٹری جناب طلحہ اکرمی نے کلمات تشکر ادا کیے۔منگلورو میں زیر تعلیم کل 55بھٹکلی طلباء نے ورکشاپ میں شرکت کی۔ بعدازاں عشائیہ کا اہتمام کیا گیاتھا۔